ملک میں چینی کی قیمت کیوں بڑھی؟ نجم سیٹھی نے پردہ فاش کر دیا

09:44 AM, 7 Apr, 2020

نیا دور
پاکستان کے سینئر صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے 24 نیوز پر اپنے شو میں دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے رپورٹ پبلک نہیں کی بلکہ رپورٹ لیک ہوئی ہے، جس کے بعد کچھ بااثر لوگوں نے ان کو مشورہ دیا کہ اب عزت اسی میں ہے کہ رپورٹ کو پبلک کیا جائے اور پھر وزیراعظم نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے اس کا سہرہ اپنے سر لے لیا۔

نجم سیٹھی نے اپنے شو میں دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کے سامنے اب سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ ملک میں چینی کی قیمتیں کیوں بڑھیں؟ جن سے کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں چینی برآمد کی گئی تھی مگر قیمتیں پھر بھی برقرار تھیں، مگر تحریک انصاف کے دور میں ایسا نہیں ہوا۔ ان کی وجوہات کیا تھی؟

نجم سیٹھی نے اپنے شو میں کہا کہ ملک میں اس سال گنے کی فصل بہت زیادہ ہوئی تھی اور مارکیٹ میں چینی وافر مقدار میں دستیاب ہوسکتی تھی مگر شوگر مافیا کے پاس کافی مقدار میں چینی کا سٹاک پڑا ہوا تھا۔ اس لئے مافیا نے کسانوں کو احکامات دیے کہ کچھ عرصے تک ہم مارکیٹ سے گنا نہیں لیں گے اور مافیا نے سٹاک کی گئی چینی مہنگے داموں مارکیٹ کو سپلائی کرنا شروع کی، جس کی وجہ سے ایک طرف انھوں نے ناجائز منافع کمایا تو دوسری طرف کسانوں کے پاس موجود گنے کا وزن کم ہونے لگا، جس سے کسانوں کو اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ چینی مافیا کی اصل رپورٹ 25 اپریل کو آنے والی ہے اور وہ رپورٹ مفصل رپورٹ ہے کہ اصل میں ہوا کیا ہے۔
مزیدخبریں