بھارتی پنجاب: ایم ایل اے کی مہمان بن کر اس اسکول آمد جہاں والدہ صفائی کا کام کرتی ہیں

06:11 AM, 7 Apr, 2022

نیا دور
بچوں کی تعلیم اور ان کو زندگی میں بہترین مقام پر پہنچانے کیلئے والدین ہمیشہ قربانیاں دیتے ہیں اور جب یہی بچے پڑھ لکھ کر معاشرے میں کسی اعلیٰ عہدے پر فائز ہوتے ہیں تو ماں باپ کیلئے باعث فخر ہوتا ہے۔

ایک ایسا ہی واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں بھارتی پنجاب کے رکن اسمبلی نے اس اسکول میں مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کی والدہ صفائی ستھرائی کا کام کرتی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے ممبر قانون ساز اسمبلی (ایم ایل اے) لبھ سنگھ اوگوک نے ایک سرکاری اسکول میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کی والدہ گزشتہ 25 سال سے جھاڑو لگانے کا کام کر رہی ہیں۔

https://twitter.com/ANI/status/1511587591103332355

اس موقع پر ایم ایل اے کی والدہ کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی اور فخر ہے کہ میرا بیٹا رکن اسمبلی بن گیا، لبھ خود بھی اسی اسکول میں پڑھتے تھے۔

لبھ سنگھ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ پیسہ کمانے کے لیے سخت محنت کی ہے اور میرے بیٹے کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے کے باوجود میں اسکول میں اپنا فرض ادا کرتی رہوں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما لبھ سنگھ نے حال ہی میں پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ کو تقریباً 37 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔

لبھ سنگھ نے 2013 میں عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد پارٹی میں کافی جلدی نمایاں جگہ حاصل کی، سیاست میں آنے سے پہلے وہ موبائل کی مرمت کے ایک چھوٹے سے اسٹور میں کام کرتے تھے۔

مزیدخبریں