گزشتہ چند دنوں کی تفصیلات کے مطابق فرح خان دبئی روانہ ہو چکی ہیں لیکن حال ہی میں ان کے نام سے منسوب انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری پوسٹ کی گئی ہے جس نے اس سوال کو جنم دیا کہ 'کیا فرح واقعی دبئی میں ہیں؟'
چند گھنٹے قبل اس اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی گئی جس میں چائے اور سلاد دکھائی دے رہی ہے اور ساتھ ہی کچھ سوس وغیرہ موجود ہیں۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس تصویر پر جس ریسٹورنٹ کی لوکیشن کا بتایا گیا ہے وہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں قائم ہے، اسٹوری پر ڈالی گئی لوکیشن نے اس سوال کو جنم دیا کہ کیا واقعی فرح خان اس وقت لاہور میں ہیں یا انہوں نے کوئی پُرانی تصویر اس لوکیشن کے ساتھ شیئر کی ہے۔
مذکورہ ریسٹورنٹ لاہور کے پوش علاقے گلبرگ کے 64 فاؤنٹین ایونیو میں واقع ہے۔
خیال رہے کہ فرح خان کی کرپشن کے حوالے سے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان عبدالعلیم خان نے کئی دعوے کیے ہیں، فرح خان کے مہنگے لگژری برانڈڈ جوتوں کی بات ہو یا ہینڈ بیگ کا معاملہ، سب کی ہی توجہ اس جانب ہے اور فرح خان کی کرپشن نے ہر جانب ہل چل مچا دی ہے۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کی دولت میں عمران خان کے دور حکومت میں چار گنا اضافہ ہوا۔
2017 میں ان کی جانب سے ظاہر کی گئی مجموعی دولت 23 کروڑ 16 لاکھ روپے تھی جو کہ 2021 تک 97 کروڑ 10لاکھ روپے تک پہنچ چکی تھی۔