بلوچستان؛ 2023 میں سڑکوں پر حادثات میں 185 افراد ہلاک، 461 زخمی ہوئے

11:37 AM, 7 Apr, 2023

نیا دور
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 264 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 185 افراد ہلاک اور 461 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان حادثات میں مجموعی طور پر 646 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیش تر حادثات کاروں کے ساتھ پیش آئے جن کی تعداد 103 ہے۔ اس کے بعد ٹرکوں کے حادثات کی تعداد 45 ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی پانچ ڈویژنز حادثات سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں جن میں قلات میں 79 واقعات، کوئٹہ میں 27، سبی میں 27، رخشان میں 20 اور مَکُّران ڈویژن میں 18 حادثات ہوئے۔



میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سنٹر 1122 کے مطابق اکتوبر 2019 سے مارچ 2023 تک بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر 18096 حادثات رونما ہوئے جن میں مجموعی طور پر 787 افراد ہلاک جبکہ 38759 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثات کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ کو خونی شاہراہ کہا جاتا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ تر حادثات کی وجہ خستہ حال سڑکیں، ڈرائیوروں کی ناقص ٹریننگ اور اوورلوڈنگ کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک طاہر علاؤ الدین کاسی کا دعویٰ ہے کہ اب کوئٹہ میں مانیٹرنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر گاڑیوں میں نصب سپیڈ ٹریکر کے ذریعے گاڑیوں کی رفتار کا معائنہ کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں