عثمان بزدار سب سے زیادہ کرپٹ وزیر اعلیٰ ہیں لیکن ان کے خلاف شراب فروخت کرنے کے الزامات قابل مذمت ہیں، پیپلز پارٹی

01:46 PM, 7 Aug, 2020

نیا دور
پاکستان پیپلز پارٹی نے نیب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف شراب کے لائسنس کے کیس میں الزامات پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ نیب عثمان بزدار کو میگا کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر احتساب کرنے کے بجائے شراب فروش ثابت کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار ایک کٹھ پتلی ہیں اور سب سے زیادہ کرپٹ وزیر اعلیٰ ہیں تاہم ان کے خلاف شراب فروخت کرنے کے الزامات قابل مذمت ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے حیرت کا اظہار کیا کہ عثمان بزدار کو شوگر ملز کو سبسڈی دینے اور گندم غائب ہونے پر احتساب کرنے کے بجائے نیب انہیں ایک غیر سنجیدہ مقدمے میں طلب کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے عثمان بزدار کو قانون کے خلاف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک ہوٹل کو شراب کا لائسنس جاری کرنے کے لیے زور دینے اور 5 کروڑ روپے رشوت لینے کے الزام میں 12 اگست کو طلب کیا ہے۔

نیب نے جمعرات کو وزیراعلیٰ کو کال اپ نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ 12 اگست کو اپنے ٹھوکر نیاز بیگ کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے حاضر ہوں۔
مزیدخبریں