بھارت: دبئی سے آنے والا انڈیا ایکسپریس کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار، متعدد افراد ہلاک

04:22 PM, 7 Aug, 2020

نیا دور
بھارت میں دبئی سے آنے والے انڈیا ایکسپریس کا مسافر بردار طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر دو ٹکڑے ہوگیا ابتدائی طور پر 2 ہلاکتوں اور 40 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوژیکوڈ کے ایئرپورٹ پر دبئی سے 191 مسافروں کو لانے والی انڈیا ایکسپریس کی پرواز لینڈنگ کے دوران رن وے پر پھسلتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے۔ طیارے میں 174 مسافر، 10 بچے، 2 پائلٹس اور عملے کے 5 افراد سوار تھے۔

حادثے کی نوعیت اور تباہ طیارے کو دیکھ کر بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم ابتدائی طور پر 2 افراد کی ہلاکت اور 40 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

ایمبولینس اور ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے جب کہ دیگر پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے، فیڈرل ایوی ایشن نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔
مزیدخبریں