شاہ محمود قریشی کا سعودی عرب سے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ ہے، سعودی عرب سے معذرت کی جائے؛ شہباز شریف

04:32 PM, 7 Aug, 2020

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہمیشہ کے دوست ملک سعودی عرب کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک، قابل مذمت اور قومی و ملی مفادات کے منافی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات استوار ہیں، سعودی عرب نے جوہری دھماکوں سمیت پاکستان کو درپیش مشکل اور آزمائش کے ہر مرحلے پر پاکستان اور اس کے قومی مفادات میں ساتھ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ موجودہ حکومت کے ربط و تعلق اور انداز بیان پر قوم کو تشویش ہے، برادر اسلامی ملک کے بارے میں میڈیا پر بیان غیر ذمہ داری کی انتہا اور بڑی سفارتی حماقت ہے، یہ رویہ امت مسلمہ کے اتحاد، ملی مفادات اور پاکستان کے کلیدی مفادات کے منافی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت اپنی عاقبت نااندیشی سے پاکستان کو خارجہ میدان میں تنہائی کا شکار کر رہی ہے اور خارجہ محاذ پر نازک معاملات کو اپنی حماقت یا پھر کسی دانستہ ایجنڈے کے تحت زک پہنچا رہی ہے۔ سعودی عرب سے معذرت کی جائے اور معاملات کو خوش اسلوبی، دانائی اور احسن انداز سے ڈیل کیا جائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اگر کشمیر پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس نہ بلایا گیا تو پاکستان مظلوم کشمیریوں کی مدد پر آمادہ دوست ممالک کا اجلاس بلانے پر مجبور ہو جائے گا۔
مزیدخبریں