الیکشن کمیشن کا عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ سزا یافتہ ہونے پر اب عمران خان پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے اس لیے الیکشن کمیشن اب قانونی طور پر عمران خان کو پارٹی کی چیئرمین شپ  سے برطرف کرنے کا حکم جاری کرے۔

05:50 PM, 7 Aug, 2023

نیا دور

الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی) نے توشہ خانہ کیس پر سزا کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)   عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔نوٹیفکیشن آج ہی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

نئی مردم شماری کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور عدالتی فیصلے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے طریقہ کار پر مشاورت کے لیے ہونے والا الیکشن کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے طریقہ کار پر بھی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی پی نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ سزا یافتہ ہونے پر اب عمران خان پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے اس لیے الیکشن کمیشن اب قانونی طور پر عمران خان کو پارٹی کی چیئرمین شپ  سے برطرف کرنے کا حکم جاری کرے۔

اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کے پولیٹکل فنانس ونگ نے فائل تیار کرنا شروع کردی اور کچھ دیر بعد اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے 5 سال کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں