نیب کا احتساب ہوگا، نیب کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں دنیا کو بتائیں گے: ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈویوالا

12:40 PM, 7 Dec, 2020

نیا دور
ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اعلان کیا ہے کہ اب نیب کو جواب دینا پڑے گا۔ اب سینیٹ بمقابلہ نیب ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب کی حراست میں جتنے لوگوں کی اموات ہوئیں سب سامنے لائیں گے۔  معاملات کو انٹرنیشنل لیول پر اٹھائیں گے۔  نیب نے غوری ٹاؤن سمیت جتنی جگہوں پر جو سرمایہ کاری کی ہمیں معلوم ہے، لوگ مجھے فون کرکے کہتے ہیں کہ آپ نیب کیخلاف جہاد کریں، ہم ساتھ ہیں، جس جس کے ساتھ نیب نے یہ ظلم کیا سب کو ہیومن رائٹس کمیٹیز میں بلائیں گے اور نیب کا اصل چہرہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔


ڈپٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جوخودکشیاں ہوئی ہیں وہ بھی سامنےلاؤں گا، نیب کےنوٹس آنے پر بہت لوگوں نے خودکشیاں کیں، نیب کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرپاکستان میں ہر غیر ملکی سفیر سے رابطہ کروں گا، جس کو نیب کے نوٹسز آجائیں بینک اس کے اکاؤنٹ بندکردیتے ہیں۔


سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ منگلا ویو ریزورٹ والا معاملہ کہاں گیا؟ نیب نے اگر ان پر اور ساتھیوں پر حملہ کیا تو ان کو ہر جگہ ایکسپوزکریں گے، وزیراعظم کو خط لکھا ہے، جلد آرمی چیف کو بھی خط مل جائے گا۔


ڈپٹی چیئرمین نے اعلان کیا کہ نیب نے بزنس مینوں سے جتنے پیسے کی پلی بارگین کی وہ  بھی سامنے لائیں گے۔


خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب کے خلاف پریس کانفرنس کی تھی جس کے بعد چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ملاقات کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

مزیدخبریں