سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ہونے والے اپنی نوعیت کے منفرد اور پہلے فلم فیسٹیول ’ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ (آر ایس آئی ایف ایف) میں دنیا بھر کی معروف شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
اپنی نوعیت کے منفرد فلم فیسٹیول میں دنیا کے متعدد ممالک کی 135 سے زائد فلمیں دکھائی جائیں گی۔
فلم فیسٹیول میں پیش کی جانے والی زیادہ تر فلمیں عربی زبان کی ہیں، تاہم فیسٹیول کے دوران انگریزی، فرانسیسی، اسپینش، ہندی، بگالی اور ملایلم سمیت دیگر زبان کی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
فلم فیسٹیول میں بولی وڈ کی آنے والی اسپورٹس فلم ’83‘ کو بھی پیش کیا جائے گا، تاہم بد قسمتی سے ’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ میں کوئی بھی پاکستانی فلم پیش نہیں کی جا سکے گی۔
فلم فیسٹیول کا ریڈ کارپٹ 6 دسمبر کو سجایا گیا، جس میں فرانسیسی، امریکی، اسپینش، مصری، مراکشی، اماراتی اور بھارتی اداکاراؤں نے جلوے بکھیرے۔
’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ رواں ماہ 15 دسمبر تک جاری رہے گا اور 10 روزہ فلم فیسٹیول میں فلموں کی نمائش کے علاوہ ڈانس و آرٹ کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے جب کہ اہم شخصیات سے گفتگو بھی کی جائے گی۔