یوٹیوب میں ایک منفرد فیچر کا اضافہ

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر ہوم فیڈ کو رنگ کے مطابق ارینج کرے گا اور اس سے لوگ اپنی ترجیحات کے مطابق ویڈیوز کو تلاش کر سکیں گے۔

10:45 AM, 7 Feb, 2024

نیا دور

معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی ویڈیو سٹریمنگ سروس یوٹیوب میں ایک نئے دلچسپ فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو آپ کی ویڈیو فیڈ کو مخصوص رنگوں سے بھر دے گی۔

آر جی بی ( RGB ) نامی فیڈ میں مخصوص رنگوں پر مبنی ویڈیوز نظر آئیں گی۔

9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے ریڈ، گرین اور بلیوم تھیمز کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا  رہی ہے۔

اس فیچر کے تحت ان رنگوں کے مختلف شیڈز (shades) ویڈیو فیڈ میں دیکھنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

جب کوئی صارف ریڈ، گرین یا بلیو میں سے کسی رنگ کا انتخاب کرے گا تو اس کے یوٹیوب ہوم پیج پر اس مخصوص رنگ کی ویڈیوز نمایاں ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

رپورٹ کے مطابق جن افراد کو یہ فیچر دستیاب ہے، ان کے سامنے یوٹیوب کی جانب سے ایک پوپ اپ میسج بھیجا گیا جس پر لکھا تھا Craving something new، جبکہ نیچے تینوں رنگ موجود ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر ہوم فیڈ کو رنگ کے مطابق ارینج کرے گا اور اس سے لوگ اپنی ترجیحات کے مطابق ویڈیوز کو تلاش کر سکیں گے۔

مگر اس سے ہٹ کر فیچر سے کیا فائدہ ہوگا، فی الحال واضح نہیں کیونکہ کمپنی کی جانب سے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

البتہ یہ واضح ہے کہ جب کوئی صارف ریڈ رنگ کا انتخاب کرے گا تو اس سے متعلق ویڈیوز میں نارنجی اور پیلا رنگ بھی نمایاں ہوگا۔

اسی طرح سبز رنگ کے انتخاب پر زردی مائل نیلا رنگ بھی ویڈیوز میں نظر آئے گا جبکہ بلیو رنگ کی ویڈیوز میں ہلکا نیلا اور جامنی رنگ بھی نمایاں ہوگا۔

جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے تو یہ واضح نہیں کہ کب تک تمام صارفین کے لیے اسے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں