پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی نتائج نشر کیے جائیں: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج دینا شروع کرسکتا ہے جس میں واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ یہ نتائج غیرحتمی اور غیر سرکاری ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

11:09 AM, 7 Feb, 2024

نیا دور

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر پابندی سے متعلق چیئرمین پیمرا کو مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین پیمرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پیمرا پولنگ کے دوران یقینی بنائے کہ میڈیا انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے اور میڈیا پر کسی قسم کی فیک نیوز نشر نہ ہو۔

خط میں کہا گیا کہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے کہ عدلیہ کی آزادی اور قومی اداروں کے خلاف مواد کے ساتھ ساتھ نظریہ پاکستان، خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کوئی مواد نشر نہ کرے۔

خط میں ہدایت دی گئی کہ چیئرمین پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کوئی ایسا مواد نشر نہ کیا جائے جس سے پولنگ کے دوران یا بعد میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو۔

اس حوالے سے مزید ہدایت کی گئی کہ پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور میڈیا کو آگاہ کرے کہ قومی یکجہتی کے خلاف کوئی الزام یا بیان الیکٹرانک، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر نشر نہ کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

مراسلہ میں پابند کیا گیا کہ الیکشن کے دن پرنٹ، الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا پر انتخابات سے متعلق پولنگ سٹیشنز پر کسی قسم کا سروے نہ کیا جائے اور پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جاسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 182 کے عام انتخابات 2024ء کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق وقت ختم ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار یا جماعت کو جلسے، جلوس، کارنرمیٹنگ یا اسی نوعیت کی سیاسی سرگرمی کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وقت ختم ہونے کے بعد   انتخابی مہم ، اشتہارات اور دیگر تحریری  مواد کی  الیکٹرانک  اور پرنٹ میڈیا  پر تشہیر پر جس سے کسی  خاص  سیاسی پارٹی  یا امیدوار  کی حمایت  یا مخالفت   کا شبہ ہوپابندی ہے ۔

مزیدخبریں