الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے ملک بھر میں لاکھوں سکیورٹی اہلکار تعینات

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کل 8 فروری کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ کار کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی صورت خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔  پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

01:37 PM, 7 Feb, 2024

نیا دور

عام انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے ملک بھر میں لاکھوں سکیورٹی اہلکار تعینات کردیے گئے جبکہ ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 29 ہزار 985 کو  حساس قرار  دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کل 8 فروری کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے ایک لاکھ 30 ہزار 882 اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ 23 ہزار 940 سیکیورٹی اہلکار مستقل طور پر الیکشن کے دوران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ملک بھر میں پولیس کے 4 لاکھ 65 ہزار 736 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ کوئیک رسپانس فورس کے ایک لاکھ 6 ہزار 942 اہلکار تعینات ہوں گے۔

پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے مجموعی طور پر130882 اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر پولیس کے 465736 اہلکار تعینات ہوں گے۔

امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے آرمی، سول آرمڈ فورسز اور پولیس کے مجموعی طور پر 596618 اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ پنجاب میں الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس کے 216000 اہلکار تعینات ہوں گے۔

صوبہ سندھ میں 110720، خیبرپختونخوا میں 92535 اور بلوچستان میں 46481 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے۔   پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران و جوان پولنگ سٹیشنز پر پہنچ گئے۔

اسلام آباد پولیس کے 6500 اہلکاروں کے ساتھ 1000 ایف سی ، 1500 رینجرز اور پاکستان فوج کے جوان فرائض سر انجام دیں گے۔ شہریوں کی حفاظت اور پرامن انتخابات اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہوگی۔ پولنگ سٹیشنز پر تعینات اہلکار رات وہیں قیام کریں گے۔ انتخابات کے حوالے سے مرکزی کنٹرول روم سیف سٹی میں قائم کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ کار کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی صورت خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ٹریفک کے نظم و ضبط اور پارکنگ کے مناسب اقدامات عمل میں لائیں جائیں گے۔

انتخابات کی کوریج کرنے والے صحافیوں اور غیرملکی مبصرین اور مشاہداتی ٹیموں کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد فراہم کی جائے گی۔ انتخابات قومی فریضہ ہیں۔ پولیس بہادری اور خوش اخلاقی سے اپنا کام کرے گی۔ بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔  

اسلام آباد پولیس کی جانب سےعوام سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔

مزیدخبریں