مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی

مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی
پاکستان کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ انھیں اس بات پر افسوس ہے کہ انھوں نے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت سے ’تعلقات‘ کا ناگوار انداز میں ذکر کیا۔انہوں نے کہا  کہ اسحاق ڈار کے حوالے سے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 'نادر علی کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں، میں نے پارٹی قیادت کے ساتھ ڈار صاحب کے تعلقات کا تذکرہ کیا۔ جسے میڈیا نے گھما کر پیش کیا۔ احساس دلائے جانے کے بعد مجھے ایسا کرنے پر افسوس ہے۔ '

مفتاح نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ انھیں ان کی غلطی کا احساس سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پرنسپل سکریٹری فواد حسن فواد نے کروایا۔

اپنے ایک حالیہ بیان میں مفتاح نے دعویٰ کیا تھا کہ اسحاق ڈار کو وزیر بننے کا بہت زیادہ شوق تھا۔ وہ آخر کار بن بھی گئے کیونکہ وہ پارٹی میں میاں نواز شریف کی بیٹی کے سسر بھی ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیر خزانہ بننا ڈار صاحب کا ذاتی مقصد تھا اور انھوں نے ان کے خلاف  چھ ماہ تک مہم چلائی۔

واضح رہے کہ اپریل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت جانے کے بعد مفتاح اسماعیل اتحادی جماعتوں (پی ڈی ایم) کی حکومت کے وزیر خزانہ بنے تھے مگر انھیں اس عہدے سے ہٹا کر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنا دیا گیا تھا۔

گذشتہ سال وزیر خزانہ بننے سے قبل اپنے انٹرویوز میں اسحاق ڈار پیٹرول اور دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھانے پر مفتاح اسماعیل کی مخالفت کرتے تھے۔ انھوں نے وزیر خزانہ بننے پر یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ وہ ڈالر کی قدر کو 200 روپے سے نیچے لا سکتے ہیں۔