وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سچے اور کھرے آدمی ہیں۔ ہمیں اللہ نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف نے زندگی بھر اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔ جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے تاہم شریف خاندان نے چھپایا ہوا ہے۔ سمجھ نہیں آتی یہ لوگ ایسے کام کیوں کرتے ہیں۔
بیان میں وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے۔ شہباز شریف کہہ رہے تھے کہ موجودہ حکومت ساری چیزیں درست کردے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ یہاں سے ڈالر یہ لے جاتے ہیں اور واپسی اسحاق ڈار کی جانب سے ہوتی ہے۔ عمران خان سچے اور کھرے آدمی ہیں۔ جہاں غلط ہوتے ہیں کہتا ہوں تو مائنڈ نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے ان ہدایات کو ”غیر قانونی” قرار دے دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کے لیے جو خط لکھا ہے میں اسے قبول نہیں کرتا۔ اگر میں اعتماد کا ووٹ لیتا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ میں خط کو قبول کر رہا ہوں۔