ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے تو خود ہی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں گلہ کر لیا تھا کہ آپ نے ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کو بلا کر پوچھیں کہ ان کیخلاف اے این ایف کا کیس کیسے بنا تھا۔ ایسے کیسز سیاستدان کبھی نہیں بناتے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کیخلاف منشیات کا کیس بنانے میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر ملوث تھے۔
https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1544998593911836673?s=20&t=BetrncX9hP5xjzn7QSt1Og
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس ثبوت موجود ہیں کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے اسلام آباد پولیس کو 15 کلو ہیروئن کا تھیلا دیا لیکن جب افسران نے یہ کام کرنے سے انکار کیا تو اس کی ذمہ داری ایف آئی اے کے سپرد کر دی گئی تھی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان شروع سے بلیک میلنگ کر رہے ہیں، عمران خان نے اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ساتھ چڑھائی کی۔ ان کے خلاف مقدمہ بنتا ہے اور بننا چاہیے۔ کسی کے خلاف انکوائری میں کچھ سامنے آیا تو مقدمہ درج کیا جائےگا اور عدالت کے حکم سے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے دور میں پہلے لوگوں کو گرفتار کیا جاتا تھا پھر مقدمات بنائے جاتے تھے لیکن ہم نے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی کسی کے خلاف براہ راست مقدمہ بنایا۔