غلط فہمیوں سے متاثرہ پاک امریکہ تعلقات کو بحال کرلیا ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

07:08 AM, 7 Jul, 2023

نیا دور
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ ماضی میں غلط فہمیوں کے باعث پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوئے لیکن موجودہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بحال کیا گیا۔ اب امریکہ کے ساتھ ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔

امریکا کے 247 ویں یوم آزادی کے موقع پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ اور اس کے عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امریکہ مساوات اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہے۔ پاک امریکہ 75 سالہ دوستانہ تعلقات میں نشیب و فراز رہے ہیں لیکن اب امریکہ کے ساتھ ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکہ نے مل کر کام کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم موجود ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ان کی صلاحیتوں سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے تباہ کن سیلاب آیا جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے۔ اس مشکل وقت پر امریکہ نے ہماری بڑی مدد کی۔ حالیہ ماضی میں غلط فہمیوں کے باعث پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوئے لیکن موجودہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بحال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور ان تعلقات کو بلندیوں تک لے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کا اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئےامریکا کے پاکستان میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ گرین الائنس کے تحت پاکستان کے ساتھ مشترکہ موسمی اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان سبز اتحاد لائحہ عمل زراعت، شفاف توانائی اور پانی کے انتظام و انصرام کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔گرین الائنس موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافہ اور شمولیت پر مبنی معاشی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ کا خواہاں ہے۔ گزشتہ سال پاک امریکا تعلقات کی وسعت کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔

امریکی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ شراکت کو مزید وسعت دینے کے لیے پُر امید ہے۔

https://twitter.com/usembislamabad/status/1676998357489786880?s=20
مزیدخبریں