شہباز گل کی جانب سے شیئر کی جانے والی اس ویڈیو پر بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے کارکن اور صحافی حسنین جمیل فریدی نے ٹوئٹر پر یہ کہہ کر ردعمل دیا کہ؛
'آپ نے ہمارے خلاف غداری کے مقدمے کروائے، آپ کی یوتھیا برگیڈ نے ہمیں غدار کہا اور جنرل فیض نے ہم پر غداری کے مقدمے کروائے مگر ہم کل بھی یہیں تھے آج بھی یہیں ہیں، بھگوڑے آپ ہو، آپ کا جوش شہادت ہم نے دیکھا تھا جب آپ روتے گڑگڑاتے تھے کہ مجھے چھوڑ دو'۔
'نیا دور' سے بات کرتے ہوئے حسنین جمیل فریدی نے کہا کہ ہماری سیاست محنت کشوں کی سیاست ہے جو پہلے بھی جاری تھی اور اب بھی جاری ہے۔ شہباز گل جب حکومت میں تھے تو انہوں نے ہم پر سنگین الزامات لگائے، ہمارے خلاف مقدمے درج کروائے۔ انہوں نے ہمیں ایلومیناٹی کہا۔ آج ان پر برا وقت آیا ہے تو ان کو یاد آ گیا ہے کہ ہم لوگ ان کے لئے نکلیں۔ ہم اشرافیہ کی کسی جماعت کی لڑائی نہیں لڑیں گے، ہم محنت کشوں کی لڑائی لڑتے آئے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔ شہباز گل کی یہ حرکت پاکستان میں بائیں بازو کی سیاست کو بدنام کرنے کی نہایت بھونڈی کوشش ہے۔
یاد رہے 9 مئی 2023 کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان نے ملک کے مختلف شہروں میں واقع آرمی کینٹ پر حملے کیے تھے اور کئی فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا تھا۔ اس کے بعد سے پاکستان کی حکومت اور فوجی اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد کو گرفتار کیا ہے اور کئی پارٹی رہنما تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ شہباز گل سمیت کئی پی ٹی آئی رہنما گرفتاری کے ڈر سے ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔