ہٹ ڈرامہ سیریل ’’یقین کا سفر‘‘ سے لوگوں کے دلوں میں گھر کر جانے والی جوڑی احد رضا میر اور سجل علی نے ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ رہنے کا عہد و پیمان کیا ہے جس کا اظہار احد رضا میر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا، وہ یہ اعلان کرتے ہوئے نہایت خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ ہم اپنے خاندانوں کی دعائوں کے ساتھ باضابطہ طور پر منگنی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں۔
اداکار و گلوکار نے کہا، یہ دن ہم دونوں، خاندان، ہمارے دوستوں اور بالخصوص مداحوں کی دعائوں اور محبت سے مزید خاص بن جائے گا۔
واضح رہے کہ اس خوبرو جوڑی کے چرچے کافی عرصے سے ہیں جو پہلی بار ڈرامہ ’’یقین کا سفر‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے اور ان دنوں ڈرامہ ’’آنگن‘‘ میں کام کر رہے ہیں۔
احد رضا میر کے بعد اداکارہ سجل علی نے بھی انسٹاگرام پر اپنی منگنی کا اعلان کیا۔
اداکاروں اور مداحوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اپنی پسندیدہ جوڑی کو منگنی پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے اداکار احد رضا میر نے اعتراف کیا تھا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی سجل علی کو پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے سجل علی کو بہترین اداکارہ قرار دینے کے علاوہ ایک خوبصورت عورت بھی قرار دیا بلکہ ان کی تعریف کے لیے اداکار کے پاس لفظ کم پڑ گئے تھے۔
اداکار نے کہا، ان دونوں کی جوڑی کو ’’یقین کا سفر‘‘ میں بہت سراہا گیا جس کا سبب یہ ہے کہ ہم دونوں ایک ہی طریقے سے کام کرتے ہیں اور چیزوں کو دیکھنے کا انداز بھی ایک سا ہی ہے۔
اداکار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سجل علی بھی انہیں خوب جانتی ہیں جس کے باعث ان دونوں کے درمیان اچھے رابطے ہیں اور ان کے لیے ایک دوسرے کو سمجھنا آسان ہے۔