'آدی پُرش' پربھاس کو پین انڈیا کا نمبر ون سٹار بنا کر تاریخ رقم کرے گی

11:19 AM, 7 Jun, 2023

حسنین جمیل
16 جون کو بالی ووڈ کی فلم ' آدی پُرش' ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے بڑی فلم ہے جس کا بحٹ 400 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ فلم میں پربھاس بھگوان رام کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کریتی سینن سیتا کا کردار اور سیف علی خان راون کا کریکٹر پلے کر رہے ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر اوم روات ہیں اور فلمساز بھوشن کمار ہیں۔ فلم کی ہائپ بہت بڑھ چکی ہے۔

بھارت میں پہلے بھی ہندو مت کی مقدس کتاب رامائن کو ٹی وی ڈرامے کے طور پہ شوٹ کیا گیا تھا جو دوردرشن ٹیلی وژن چینل پہ ٹیلی کاسٹ ہوا تھا اور مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے تھے۔ کچھ فلمیں بھی رامائن پر بنی تھیں مگر وہ بی کلاس کاسٹ کے ساتھ چھوٹے بجٹ کی فلمیں تھیں۔ پہلی بار بڑے سکیل پر فلم شوٹ کی گئی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ' آدی پُرش' پہلے دن پورے بھارت سے 100 کروڑ اور دنیا بھر سے 150 کروڑ کی اوپننگ لے سکتی ہے۔

پربھاس واحد بھارتی سپر سٹار ہے جو پین انڈیا مقبولیت کا حامل ہے۔ دیگر سٹارز جیسے شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، اکشے کمار، اجے دیوگن، ہریتک روشن اور رنبیر کپور صرف ہندی سرکٹ کے سپر سٹار ہیں۔ جنوبی بھارت کے سٹارز رام چرن، جونیئر این ٹی آر، مہیش بابو اور دوسرے محض جنوبی بھارت تک محدود ہیں۔ کے جی ایف سیریز کا یش مستقبل میں پربھاس کا مقابلہ کر سکتا ہے مگر اس وقت پربھاس ہی پین انڈیا سپر سٹار ہے جس کی فلموں کو ہندی اور جنوبی بھارت دونوں کے سرکٹ میں مہنگے داموں خریدا جاتا ہے اور فلمیں اوپننگ بھی بہت اچھی لیتی ہیں۔

آدی پُرش کے بعد پربھاس کی فلم 'سالار' بھی ریلیز ہو گی۔ دونوں فلموں کی متوقع کامیابیوں کے بعد پربھاس آفیشلی پین انڈیا نمبر ون سٹار بن سکتا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہو گی کیونکہ جب سے ہندی سنیما وجود میں آیا ہے ہمیشہ سے ہندی سرکٹ اور جنوبی بھارت کا سرکٹ الگ الگ رہا ہے۔ ان کے اداکار، ہدایت کار، موسیقار اور سکرپٹ رائٹر الگ الگ رہے ہیں۔ اس سال 2023 میں بھارتی سنیما کے اتہاس میں نئی تاریخ رقم ہو جائے گی۔

ہندی سرکٹ میں شاہ رخ خان 'پٹھان' اور اب 'جوان' کے ذریعے پربھاس کو ٹکر دے گا۔ وہاں جنوبی بھارت میں رام چرن اور مہیش بابو سے پربھاس کا یُدھ پڑے گا مگر پین انڈیا سپر سٹار صرف پربھاس ہی ہو گا۔ یوں بولی وؤڈ کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی بھارت کا ہیرو نمبر ون بنے گا۔ اس سے پہلے بولی ووڈ میں پنجابی، پٹھان، بنگالی اور یو پی کے ہیرو نمبر ون رہ چکے ہیں مگر اب تاریخ بدلنے جا رہی ہے۔
مزیدخبریں