نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں صحافی اعجاز احمد نے کہا کہ اس سے قبل کور کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز بھی اتنی ہی سخت تھی جتنی آج والی ہے۔ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ سے فوج کی مراد ایک ہی شخصیت ہیں جن کی گرفتاری پر یہ سارا ردعمل آیا تھا۔ ملک ریاض بزنس مین ہیں، انہوں نے 458 کنال زمین اگر خرید کر دی ہے تو بغیر کسی وجہ کے کیسے دیں گے؟ بشریٰ بیگم اپنے اس دعوے کو ثابت نہیں کر سکیں گی۔
رپورٹر عمران وسیم نے کہا کہ نئے قانون سے متعلق پٹیشن جج چیمبر سے ہی پڑھ کر آئے تھے اور وہ اتنے پراعتماد نظر آ رہے تھے کہ آتے ہی انہوں نے کہہ دیا ہم نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ ریویو اینڈ ججمنٹس ایکٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لئے لارجر بنچ بننا چاہئیے تھا مگر اگلی سماعت پر بھی لارجر بنچ بنانے کا کوئی عندیہ نہیں دیا گیا۔
میزبان رضا رومی نے کہا کہ فوج اس بات پر قائل ہو گئی ہے کہ عمران خان پچھلے ایک سال سے بیرونی ایجنڈے کے تحت ملک میں انتشار پھیلا رہے تھے۔
'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔