انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’’ را۔۔۔رومیو اکبر والٹر‘‘ کے ٹریلر کی رونمائی کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہا:’’ انڈیا میں پاکستانی عوام کو ایک خاص رنگ میں پیش کیا جا رہا ہے اور غالباً یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ یہ کسی ایک ملک یا مذہب یا مختلف مذاہب کے خلاف جنگ نہیں ہے بلکہ ہماری جنگ دہشت گردی کے خلاف ہے۔‘‘
جان ابراہم اپنی آنے والی فلم میں ’’ را‘‘ کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جن میں ان کے ساتھ ماؤنی رائے، جیکی شیروف اور سکندر کھیر نظر آئیں گے۔ یہ فلم پانچ اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔ ان سے جب یہ استفسار کیا گیا کہ یہ فلم ایک ایسے وقت پر کیوں ریلیز ہو رہی ہے جب قوم پرستی اپنے عروج پر ہے؟ جان ابراہم نے اس سوال کے جواب میں کہا:’’ہم موجودہ حالات میں موقع پرست دکھائی نہیں دینا چاہتے۔ فلم کے پروڈیوسرز نے ایک برس قبل فلم کی ریلیز کے لیے ان تاریخوں کا تعین کیا تھا۔‘‘
جان ابراہم نے ان اداکاروں پر بھی کڑی تنقید کی جو خبروں میں رہنے کے لیے سیاسی بیانیے کا حصہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا:’’اداکاروں کو سیاست پر بات نہیں کرنی چاہئے۔ انہیں صرف اس وقت تبصرہ کرنا چاہئے جب وہ ملکی سیاسی صورتِ حال کے بارے میں مکمل طور پر آگاہی رکھتے ہوں۔‘‘