سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے لندن میں علاج کی غرض سے موجود جہانگیر ترین کو گلدستہ بھجوایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان شہباز ناصرف جہانگیر ترین بلکہ ان کے صاحبزادے علی ترین کیساتھ بھی بھرپور طور پر رابطے میں ہیں۔
سلمان شہباز نے اپنے والد کی جانب جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر گلدستہ بھجوایا گیا جس میں ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا گیا۔ تاہم خبریں ہیں کہ لندن میں موجود جہانگیر ترین کی ابھی تک مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کیساتھ کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔
ترین اور شریف فیملی کے ذرائع نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے جہانگیر ترین کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام بھجوایا گیا ہے جو اپنا میڈیکل کروانے تقریباً 10 روز قبل لندن پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ماڈل ٹائون میں انتہائی اہم ملاقات ہوئی تھی۔ اس کے بعد تواتر کیساتھ دونوں فیملیوں کے درمیان رابطے ہو چکے ہیں۔ جہانگیر ترین ان دنوں لندن میں ہی ہیں۔ ان کی پاکستان واپسی اگلے ہفتے متوقع ہے۔