پاک بھارت مذاکرات کا خیرمقدم کریں گے: امریکہ

ترجمان نے دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز اور پرامن بات چیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی رفتار، دائرہ کار اور کردار کا تعین انڈیا اور پاکستان کو کرنا ہوگا۔

10:39 AM, 7 Mar, 2024

نیا دور

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں اور ان کے درمیان پرامن اور سودمند تعلقات کے خواہاں ہیں۔ پاک بھارت مذاکرات کا خیرمقدم کرینگے، فیصلہ دونوں ملکوں نے کرنا ہے۔

پریس بریفنگ سے خطاب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان تمام معاملات بشمول کشمیر پر آئندہ مذاکرات کا خیرمقدم کرے گا۔ ترجمان نے دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز اور پرامن بات چیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی رفتار، دائرہ کار اور کردار کا تعین انڈیا اور پاکستان کو کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو منگل کو پاکستان کی وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اتحادی جماعتوں کی حمایت سے ملک وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو ایوان میں اپنی پہلی تقریر میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا تھا۔

انڈیا اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور جوہری طاقت کے حامل جنوبی ایشیا کے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے متعدد بار یہ کہا جاتا رہا ہے کہ دنیا کی ایک چوتھائی آبادی والے خطے جنوبی ایشیا کی ترقی کے لیے پڑوسی ممالک کے درمیان پرامن اور اچھے تعلقات ضروری ہیں۔

پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں کشیدگی کی ایک بڑی وجہ مسئلہ کشمیر بھی ہے۔ کشمیر کا ایک حصہ پاکستان جبکہ دوسرا انڈیا کے زیرانتظام ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل وہاں کی آبادی کی خواہش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے جبکہ انڈیا اسے اپنے ملک کا حصہ تصور کرتا ہے اور اس نے اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کے ذریعے کشمیر کا خصوصی سٹیٹس ختم کرتے ہوئے اس کا از خود الحاق اپنے ساتھ کر لیا ہے۔

مزیدخبریں