تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 249 میں ہوئے ضمنی الیکشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے پیش نظر صوبائی الیکشن کمیشن کا دفتر عید کی چھٹیوں میں بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن نے سندھ کے دفاتر کی عیدالفطر کی تعطیلات ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے ، جس کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ کا دفتر عید کے دنوں میں بھی ضروری سٹاف کے ہمراہ کھلا رہے گا کیوں کہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی عید کی چھٹیوں میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی سے لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر کر دی ہے ، مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کے نام دائر کی گئی درخواست میں کہا کہ ریٹرننگ آفیسر غیر استعمال شدہ بیلٹ پیپرز نہیں دکھا رہا ، انہوں نے درخواست میں کہا کہ کاؤنٹرفائلز بھی نہیں چیک کی جارہی صرف درست اور ضائع ہونے والے ووٹ چیک کینے جا رہے ہیں ، مفتاح اسماعیل نے اپنی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی گئی کہ آر او کو ضروری ہدایات تک دوبارہ گنتی کا عمل روکا جائے۔
دوسری جانب ن لیگ اور پی ٹی آئی کی طرف سے بظاہر تو ووٹوں کیہ دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا گیا ہے مگر دونوں جماعتوں کے کورنگ امیدوارگنتی میں شامل ہیں ، ن لیگ کےمفتاح اسماعیل کے کورنگ محمدطارق اور علی دانش گنتی کےعمل میں شریک ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے امجد آفریدی کی کورنگ امیدوار لیلیٰ پروین کے ایجنٹ آصف خان بھی گنتی کےعمل میں شریک ہوگئے۔