واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے فیچر سے صارفین کو گروپس کے حوالے سے زیادہ کنٹرول مل جائے گا۔ اس فیچر کی بدولت صارفین کو ان کی مرضی کے بغیر کسی گروپ میں شامل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ یہ فیچر آزمائش کے بعد اب عالمی سطح پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے لیے واٹس ایپ کے پرائیویسی سیکشن میں گروپس کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کر کے اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کر کے سیٹنگز مینیو میں جائیں اور اکاﺅنٹ کو سلیکٹ کریں، اس کے بعد پرائیویسی اور پھر گروپس کے آپشن میں جائیں۔ وہاں آپ کے سامنے 3 آپشن ہوں گے۔ ایوری ون، مائی کانٹیکٹس اور مائی کانٹیکٹ ایکسیپٹ۔ ان میں سے آپ کسی بھی ایک آپشن کو منتخب کر سکتے ہیں۔
ایوری ون کو منتخب کرنے کا مطلب ہوگا کہ صارف کو کوئی بھی واٹس ایپ گروپ میں ایڈ کرسکتا ہے۔ مائی کانٹیکٹس نامی آپشن سے اس صارف کے کانٹیکٹس میں شامل افراد اسے کسی گروپ کا حصہ بناسکیں گے جبکہ مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ سے آپ مخصوص افراد کو بلیک لسٹ کر سکیں گے جو آپ کو مختلف گروپس میں شامل کرتے ہوں۔