عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ بغیر نامزد ملزمان کے درج کر لیا گیا

04:43 PM, 7 Nov, 2022

نیا دور
سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل اور اقدام قتل سمیت دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں تاہم سابق وزیراعظم کی جانب سے نامزد شخصیات میں سے کسی کا بھی نام ایف آئی آر میں شامل نہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایف آئی آر کل سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ عدالت میں پیش کرنے کے بعد ایف آئی  آر کو عام کیا جائے گا۔

اس سے قبل، آج سپریم کورٹ کی جانب سے آئی جی پنجاب کو  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کا  24 گھنٹوں میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال نے  آئی جی پنجاب کو تنبیہ کی تھی کہ اگر ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تو  معاملے کا ازخود نوٹس لیں گے۔ جس میں جوابدہ آئی جی پنجاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

 
مزیدخبریں