پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حامی ہیں: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حامی ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان میں انتخابات عوام کے فائدے کے لیے ہوں۔

02:05 PM, 7 Nov, 2023

نیا دور

امریکہ نے پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کی حمایت کر تے ہوئے ہدایت دی ہے کہ عام انتخابات کو عوام کے فائدے کے لیے یقینی بنایا جائے۔ 

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ پاکستان میں آزاد اور منصفانہ انتخابات چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی توجہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر مرکوز ہے جبکہ کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کی نمائندگی کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں دے سکتے۔

ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حامی ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان میں انتخابات عوام کے فائدے کے لیے ہوں۔

یہ بیان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 8 فروری کو انتخابات کرانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان   8 فروری 2024 کو عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہوگیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کےدرمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا اور تفصیلی بحث کے بعد اجلاس نے متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا۔ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو ہو گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران صدر پاکستان سے ایوان صدر میں میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات منعقد ہوں گے۔

مزیدخبریں