دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور سر فہرست، دہلی دوسرے اور کراچی تیسرے نمبر پر

10:13 AM, 7 Oct, 2021

نیا دور
صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور آج کے دن دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے اور کراچی تیسرے نمبر پر آگیا ، دونوں شہروں کی فضاء مضر صحت قرار دے دی گئی، دنیا کے آلودہ شہروں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایئر کوالٹی انڈیکس سے معلوم ہوا ہے کہ کراچی اور لاہور کی فضا مضرصحت ہے ، لاہور میں آلودہ ذرات کی مقدار 163 اور کراچی میں 154 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی جس کے وجہ سے آج صبح 10 بجے کی فہرست میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے، بھارت کا دارلحکومت دہلی دوسرے جبکہ کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

بتایا گیا ہے کہ درجہ بندی کے تحت 151 سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے ، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے جب کہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

دوسری طرف صوبہ پنجاب میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے دفعہ144نافذ کردی گئی ، صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ ایک ماہ کیلئے کیا گیا ہے ، جس کے تحت فصلوں کی باقیات ٹائر اور ربڑ کی مصنوعات جلانے پر پابندی ہوگی۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسموگ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں جن کے تحت فضاء کو اسموگ سے بچانے کیلئے پرانے ڈیزائن کے بھٹوں کو بھی بند رکھا جائے گا۔

صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ اس لیے کیا گیا کیونکہ رواں برس بھی لاہور سمیت صوبہ پنجاب میں میں اسموگ پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرنمنٹل کمیشن متحرک ہو گیا اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

چئیرمین کمیشن علی اکبر نے اسموگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کا حکم جاری کیا ، فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، فضائی آلودگی کا سبب بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
مزیدخبریں