مناظرہ کینسل، مفتی طارق مسعود انجینئر محمد علی مرزا سے ملے بغیر واپس لوٹ گئے

11:23 AM, 7 Oct, 2021

نیا دور
مفتی طارق مسعود اور انجنئیر محمد علی مرزا کے درمیان ہونے والا مناظرہ کھٹائی میں پڑ گیا جب کل رات گئے مولانا طارق مسعود نے اپنی ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ گذشتہ 48 گھنٹوں سے جہلم میں ہیں لیکن انجینئر محمد علی نے ان سے بات کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ ہو سکا۔ اس لیے وہ اب کراچی واپس جارہے ہیں۔

مولانا طارق مسعود نے شکوہ کیا کہ وہ 22 گھنٹوں کا سفر کر کے کراچی سے جہلم پہنچے ہیں مگر انجینئر محمد علی مرزا سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہو پارہا۔

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ کہا گیا کہ میں بغیر بتائے آیا ہوں تو میں جہلم ہی بغیر بتائے پہنچا ہوں آپ کے گھر تو نہیں پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیٹھ کر بات کر لیتے کچھ شرائط طے کر لیتے یہ کوئی مناظرہ نہیں تھا بلکہ گفتگو ہی تھی مگر افسوس کی بات ہے کہ اتنی زیادہ غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا گیا جس کی ہمیں توقع نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلائی گئیں کہ پولیس اور ایجنسیاں پکڑ رہی ہیں حالانکہ ہمارے نمائندے مفتی مصعب کا نمبر میں نے یوٹیوب پر دیا تھا لوگ ان سے رابطہ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے میں نے یو ٹیوب پر اپنا نمبر دیا تو بہت سے لوگوں نے مجھ سے رابطہ کرنا شروع کر دیا اس لیے بعد میں میں نے اپنا نمبر ہٹا کر ان کا نمبر دیا۔ انہیں کوئی پولیس نہیں پکڑ رہی ، ساری دنیا ان سے رابطہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم توقع کر رہے تھے کہ انجئیر صاحب مفتی صاحب سے رابطہ کریں گے اور وقت طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ تو نہیں کہا تھا کہ مناظرہ کل ہی کریں بلکہ کوئی اور دن طے کر لیتے لیکن جو بھی ہوا دنیا کے سامنے ہوا۔ اللہ نے آپ کا تکبر خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غامدی صاحب بھی غلط باتیں کرتے ہیں مگر ان کا سٹائل غلط نہیں ہوتا مگر انجینئر محمد علی کی باتیں اور سٹائل دونوں غلط ہوتے ہیں۔ مفتی طارق مسعود نے انجینئر محمد علی مرزا کو مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کا سٹائل بہت متکبرانہ اور فرعون والا ہے۔ جو اللہ نے خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں واپس جارہا ہوں، میں انجیئر صاحب کو تسلی دلانا چاہتا ہوں کہ آئندہ میں جہلم آیا تو آپ سے بات چیت کے لیے نہیں آؤں گا۔ میں کچھ اصلاحی بیان دینے اور کچھ دوستوں سے ملنے آؤں گا۔ تاہم آپ کو یہی کہوں گا کہ یہ جھوٹا پروپیگنڈا چھوڑ دیں۔

https://youtu.be/NTsw_iRPSoY

خیال رہے کہ گزشتہ روز یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں مفتی طارق مسعود نے دعویٰ کیا تھا کہ میں زندگی میں پہلی بار جہلم پہنچ چکا ہوں اور اس سفر کا بنیادی مقصد انجینئر علی مرزا سے ملاقات ہے۔

مفتی طارق مسعود کا کہنا تھا کہ بہت عرصے سے یوٹیوب پر ہم دونوں کے درمیان ملاکھڑا سا چل رہا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میری ان سے اچھے ماحول میں بات چیت ہو جائے، اس لئے کچھ باتیں طے کرنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں جو باتیں طے کرنا چاہتا ہوں اس پر کسی بھی تھرڈ پارٹی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ میں ڈیڑھ گھنٹہ انجینئر علی مرزا کے سامنے بیٹھوں گا اور اس ٹائم میں ان کیساتھ المہنت اور اللمفنت کے ان عقیدوں پر بات کریں گے جن کے بارے میں انجینئر صاحب بہت عرصے سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ عقیدے قران وسنت کیخلاف ہیں اور کوئی بھی میرے سامنے ان مسائل پر بات چیت نہیں کر سکتا۔

https://youtu.be/vj95PYV2hBQ

انہوں نے کہا کہ میں انجینئر صاحب کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں جہلم آ چکا ہوں۔ ان تین عقائد جو آپ نے ہائی لائٹ کئے ان پر میں آپ سے ڈیڑھ گھنٹہ بات چیت کروں گا۔ اس کے بعد آپ کی جانب سے قران وسنت میں کی جانے والی تحریفات پر گفتگو کی جائے گی۔



دوسری جانب انجینئر محمد علی مرزا نے مفتی طارق مسعود کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ حمزہ علی عباسی اور حسن الیاس نے گزشتہ رات قران وسنت ریسرچ اکیڈمی کا دورہ کیا تھا لیکن مفتی طارق مسعود اور ان کے تمام ساتھی مسلسل مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی ایجنسی سے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں اب اس مشکل صورتحال میں کیا کر سکتا ہوں۔
مزیدخبریں