مریم نواز فوج کے خلاف خونی بیانات دے رہی ہیں انہیں جلد یا بدیر ان کا جواب دینا ہوگا، شیخ رشید

01:20 PM, 7 Oct, 2021

نیا دور
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز فوج کے خلاف خونی قسم کے بیانات دے رہی ہیں انہیں جلد یا بدیر اس کا جواب دینا ہوگا۔


لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جو کوشش بھی کرتے ہیں، مریم نواز اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں، جس فوج نے جانوں کی قربانی دی، اس پر الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ فوج جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں جلد یا بدیر اس کا جواب دینا ہوگا، اور آج یہ جہاں کھڑے ہیں اس کی وجہ بھی مریم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جرنیلز کے تقرر اور تبادلے معمول کا کام ہیں لیکن ہم ریاستی اداروں کو نشانہ بنائیں تو یہ غیر ذمہ داری کی انتہا ہے اور ہم کس اور کی خدمت کر رہے ہیں، یہ فوج کی قومی ذمہ داری ہے، فوج آفات میں کام کرتی ہے ساری دنیا میں ایسا ہی ہوتا ہے، برطانیہ میں بھی پیٹرول سپلائی کے لیے ڈرائیور نہ ہونے پر فوج کو بلایا گیا تھا۔

نواز شریف کے مفاہمت کے ارادے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب پر شیخ رشید نے کہا کہ ان کا وقت گزر کیا اور وہ ٹرین چھوڑ چکے ہیں اور ایکسپریس ٹرین مسافروں کا انتظار نہیں کرتی۔

مریم نواز کی نیب میں پیشی کے سوال کے جواب میں ان کہنا تھا کہ 'ہم سب آپ لوگوں کے سامنے اپنا چورن بیچ رہے ہیں' میڈیا کو چاہیے کہ ان سے کوریج کے پیسے لے کیونکہ یہ سب منصوبے کے تحت کرتے ہیں اور یہ کیا اپوزیشن کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے سوال پر شاعرانہ انداز میں جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'گھر کی بات گھر ہی میں رہے تو اچھا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ دو سال بعد جب الیکشن ہوں گے تو میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی موجودہ صورتحال کو الیکشن کے لیے نئی الائنمنٹ دیکھ رہا ہوں، میں عمران خان کا ساتھی ہوں اس کے ساتھ آیا ہوں اس کے ساتھ جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کو ایک سازش کے تحت بدنام کیا جارہا ہے، مرے ہوئے لوگوں کی ویکسین کی بھی بریکنگ نیوز دی جارہی ہے، این سی او سی نے اتنا اچھا کام کیا ہے دنیا تسلیم کر رہی ہے اور اگر آپ ہماری ویکسین کو مشکوک کر رہے ہیں تو آپ دشمن کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں

پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ کا کہنا تھا اللہ کے نبی ﷺ کا حکم ہے کہ پڑوسی کا آپ پر حق ہے۔ لہذا ہم افغانستان کی امداد جاری رکھیں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ نہ ہماری سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہو نہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو، وہ لوگ جو مختلف کیسز میں مطلوب ہیں اور دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں ان کے لیے الگ پیمانہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ نقل مکانی کرگئے ان کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی لیکن بات چیت شروع یا ختم ہونے کے حوالے سے میرے علم میں کچھ نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے معاملے پر انہوں نے اپنے پرانے بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ جتنی ان کی آرمی نہیں ہے، ہم نے انہیں اس زیادہ سیکیورٹی فراہم کی تھی۔ یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ نیوزی لینڈ کے مسئلے میں بھارت ملوث ہے، یہ بات میں نے تحقیق کے ساتھ کی ہے۔
مزیدخبریں