جہاز میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی لڑکیوں نے خود پر چوری کے الزام کے بعد مبشرلقمان پر سنگین الزام عائد کردیا۔
ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ اور ان کی ساتھی صندل خٹک نے مبشرلقمان پر دھمکیاں دینے کا الزام لگا دیا۔حریم شاہ کا ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ میں آپ سب لوگوں کو کچھ بتانا چاہتی ہوں کہ ہماری کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ہم نے مبشر لقمان کے جہاز میں ایک ویڈیو بنائی تھی جس پر اب مبشر لقمان نے کچھ مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔مبشر لقمان نے ہمیں دھمکیاں دی ہیں۔انہوں نے ہمیں دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیں پولیس کے حوالے کر دیں گے اور جیل میں ڈال دیں گے۔پہلے ہمیں خود ہیلی کاپٹر میں بٹھاتے ہیں کہتے ہیں۔
جاؤ میرے ہیلی کاپٹر پر ویڈیوز بناؤ اور بعد میں کہتے ہیں کہ اب یہ ویڈیوز ڈیلیٹ کریں۔دونوں ٹک ٹاک سٹارز نے کہا کہ اس طرح کی دھمکیاں دینا مبشر لقمان کو زیب نہیں دیتا،طیارے میں بٹھاتے ہیں تو ہمت رکھا کریں۔خیال رہے کہ اینکر پرسن اور معروف صحافی وتجزیہ کار مبشر لقمان کے ذاتی جہاز میں چوری ہوئی جس کے بعد مبشر لقمان نے ٹک ٹاک بنانے والی دو لڑکیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔
مبشر لقمان نے درخواست مؤقف اختیار کیا کہ فیاض الحسن چوہان کی ایماء پر دونوں لڑکیاں میرے جہاز میں گھسیں اور لاکھوں روپے مالیت کی کیمروں سمیت دیگر سامان لے اُڑیں۔مبشر لقمان کی جانب سے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والی دو لڑکیوں کے خلاف مقدمے کی درخواست ماڈل ٹاؤن لاہور کے تھانہ نصیر آباد میں بھیجی گئی ۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا کہنا تھا کہ انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ تفتیش کے دوران اس پہلو پر بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ دونوں لڑکیاں لاہور ائیرپورٹ کی حدود کے اندر کیسے داخل ہوئیں۔
مبشر لقمان نے ان لڑکیوں کی جانب سے کی جانے والی چوری کے پیچھے صوبائی وزیر برائے جنگلات وائلڈ لائف اینڈ فشری فیاض الحسن چوہان کا ہاتھ ہونے کا دعویٰ کیوں کیا اس حوالے سے تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی۔
خیال رہے کہ ان دونوں خواتین کی اس سے قبل اور بہت سی نامور شخصیات کے ساتھ ویڈیوز سامنے آچکی ہیں۔
ان ویڈیوز میں وہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ بھی نظر آئیں، جن میں وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں جبکہ یہ دونوں خواتین ایک دوسرے کی قریبی دوست ہیں