ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیئے جائیں گے

12:26 PM, 7 Sep, 2020

نیا دور


 





 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں میں پڑھائی کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ 15ستمبر سے اسکولوں میں نویں، دسویں کی کلاسیں، کالج اور جامعات کھل جائیں گی۔
اجلاس میں پری پرائمری اور پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا جب کہ چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسیں 23 ستمبر سے شروع ہوں گی۔ سندھ حکومت کی وزارت تعلیم نے 15 ستمبر سے صوبے بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کے ترجمان کے مطابق 15 ستمبر سے نویں جماعت سے تمام ہائر کلاسز بشمول تمام جامعات کھول دی جائیں گی اور تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیے جائیں گے۔

22 ستمبر سے 6 سے 8 جماعت تک کلاسز کھول دی جائیں گی جب کہ 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز کھول دی جائیں گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کسی علاقے میں کرونا بڑھتا ہے تو وہاں سکولز بند کیے جائیں گے، اسکول میں ماسک کا استعمال مکمل طور پر لازمی ہوگا، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار سکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ سکولوں کو ڈبل شفٹ میں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی تمام جماعتوں کے طلبا کو متبادل دنوں پر بلایا جائے گا تاکہ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔


مزیدخبریں