بابر اعظم ورلڈ کپ کیلئے منتخب ٹیم سے غیر مطمئن،آپ کھیل پر فوکس رکھیں، رمیز راجہ

09:45 AM, 7 Sep, 2021

نیا دور
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ورلڈ کپ کیلئے منتخب کیے گئے قومی سکواڈ سے غیر مطمئن ہیں جبکہ ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہونے والے مصباح الحق نے بھی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ کی تشکیل میں مشاورت نہ کرنے پر پی سی بی سے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹونٹی سکواڈ کے انتخاب سے خوش نہیں ہیں، کپتان کو اعظم خان اور صہیب مقصود کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے مشاورت کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کرلیا جب کہ بابراعظم فہیم اشرف ،شرجیل خان،عثمان قادر اور فخر زمان کو سکواڈ میں شامل کرنے کے حامی تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے بابراعظم نے رمیز راجہ کو دو مرتبہ فون کیا، رمیز راجہ نے کپتان کی بات ضرور سنی لیکن انہیں پیغام دیا گیا کہ زیادہ فوکس کھیل پر رکھیں، کھلاڑیوں کو ان آؤٹ کروانے پر توجہ کم کریں۔ ذرائع کے مطابق بابراعظم نے رمیز راجہ کے بنائے سکواڈ پر ساتھی کھلاڑیوں سے گلہ بھی کیا ہے۔
مزیدخبریں