میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار کو پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی صدارت کی آفر دو سینئر رہنماؤں کی جانب سے کروائی گئی۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان اور پارٹی کے معاملات طے کئے جارہے ہیں اگر معاملات طے پا گئے تو آئندہ انتخابات کے بعد انہیں پنجاب کا کوئی بڑا عہدہ دے دیا جائے گا۔
سماء نیوز کی جانب سے تحریک انصاف کی بیٹ پر کام کرنے والے صحافی نعیم اشرف بٹ نے بتایا ہے کہ دونوں شخصیات جنہوں نے چوہدری نثار علی خان سے رابطہ کیا وہ بہت سینئر اور تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں سے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملاقات چند روز قبل ایک خفیہ جگہ پر ہوئی اور اس ملاقات کو بھی خفیہ ہی رکھا گیا لیکن تحریک انصاف کے دو ایسے لوگوں نے اس بات کو کنفرم کیا ہے جو اس میٹنگ میں موجود تھے کہ چوہدری نثار کو تحریک انصاف کی پنجاب کی صدارت آفر کر دی گئی ہے۔ جبکہ چوہدری نثار کی جانب سے وقت مانگا گیا ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں اور دوست احباب سے مشاورت کے بعد کوئی حتمی فیصلہ لے سکیں گے۔
رپورٹر نے بتایا کہ یہ ملاقات بہت مثبت ماحول میں ہوئی اور اس کے بعد اخذ کیا جاسکتا ہے کہ چوہدری نثار مسلم لیگ ن چھوڑ کر کسی دوسری جماعت میں شمولیت میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس ملاقات کے بعد انہوں نے گرین سگنل بھی دے دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چوہدری نثار کے پاس تحریک انصاف میں جانے کے علاوہ شاید دوسرا کوئی آپشن نہیں اس لیے کہا جارہا ہے کہ شاید وہ آفر کو قبول کر لیں۔