وزیراعظم شہباز شریف کا توشہ خانہ سے تحائف نہ لینے کا فیصلہ

09:30 AM, 7 Sep, 2022

نیا دور
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں نئی روایت قائم کر دی۔ وزیراعظم کو ملنے والے غیرملکی تحائف وزیراعظم ہاؤس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے۔

بیرونی ممالک سے ملنے والے تحائف اب عوام دیکھ سکیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تحائف عوام کو دکھانےکا اہتمام کیا جائے تاکہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں۔



وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس میں جگہ مختص کر دی گئی۔ وزیراعظم ہاؤس میں مختص جگہ پر یہ تحائف رکھے جائیں گے جنہیں عوام دیکھ سکیں گے۔

بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف وزیراعظم نے سرکاری خزانے میں جمع کرا دئیے۔ توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے۔ وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے۔



تحائف میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں۔ ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے۔

خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے قیمتی قلم، انگوٹھی، 'کف لنک' (بٹن) اور خوشبو کے تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دئیے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر دس سال کے دوران ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں