صدر مملکت عارف علوی نےسپریم کورٹ بل نظر ثانی کے لیے واپس بھیج دیا

06:10 AM, 8 Apr, 2023

نیا دور
اعلی عدلیہ سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی توثیق کھٹائی میں پڑ گئی۔ صدر مملکت عارف علوی نے عدالتی اصلاحات سے متعلق بل نظر ثانی کے لیے واپس کر دیا۔

صدرِپاکستان نے عدالتی اصلاحات بل 2023 آئین کےآرٹیکل 75 کے تحت نظرثانی کے لیے پارلیمنٹ کو واپس بھجوادیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مؤقف اختیار کیا کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے جبکہ بل قانونی طورپر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے اور دوبارہ غور کرنے کیلئے واپس کرنا مناسب ہے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ آئین سپریم کورٹ کو اپیل، ایڈوائزری، ریویو اور ابتدائی اختیار سماعت سے نوازتا ہے۔مجوزہ بل آرٹیکل 184 تین، عدالت کے ابتدائی اختیار سماعت سے متعلق ہے۔مجوزہ بل کامقصد ابتدائی اختیار سماعت استعمال کرنے اور اپیل کرنے کا طریقہ فراہم کرنا ہے۔

صدر مملکت نے سوال اٹھایا کہ کیا اس مقصد کو آئین کی دفعات میں ترمیم کے بغیر حاصل کیا جا سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ تسلیم شدہ قانون تو یہ ہے کہ آئینی دفعات میں عام قانون سازی کے ذریعے ترمیم نہیں کی جاسکتی۔آئین ایک اعلیٰ قانون ہے کوئی عام قانون نہیں بلکہ بنیادی اصولوں، اعلیٰ قانون اور دیگر قوانین سے بالاتر قانون کا مجسمہ ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ آرٹیکل 191 سپریم کورٹ کو  عدالتی کاروائی اور طریقہ کار ریگولیٹ کرنے کیلئے قوانین بنانے کا اختیار دیتا ہے۔ آئین کی ان دفعات کے تحت سپریم کورٹ رولز 1980 بنائے گئے جن کی توثیق خود آئین نے کی۔ سپریم کورٹ رولز 1980 پر سال 1980 سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ جانچ شدہ قواعد میں چھیڑ چھاڑ عدالت کی اندرونی کاروائی، خود مختاری اور آزادی میں مداخلت کے مترادف ہو سکتی ہے۔ ریاست کے تین ستونوں کے دائرہ اختیار، طاقت اور کردار کی وضاحت آئین نے ہی کی ہے۔ آرٹیکل 67 کے تحت پارلیمان کو  آئین کے تابع رہتے ہوئے اپنے طریقہ کار اور کاروبار کو منظم کرنے کیلئے قواعد بنانے کا اختیار حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 191 کے تحت آئین اور قانون کے تابع رہتے ہوئے سپریم کورٹ اپنی کاروائی  اور طریقہ کار کو ریگولیٹ کرنے کے قواعد بنا سکتی ہے۔ آرٹیکل 67 اور 191 ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔ آرٹیکل 67 اور 191 قواعد بنانے میں دونوں کی خودمختاری کو تسلیم کرتے ہیں۔ آرٹیکل 67 اور 191  دونوں اداروں کو اختیارمیں مداخلت سے منع کرتے ہیں۔ عدلیہ کی آزادی  کو مکمل تحفظ دینے کیلئے آرٹیکل 191 کو دستور میں شامل کیا گیا۔ آرٹیکل 191 کے تحت سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار سے باہر رکھا گیا۔

صدر مملکت نے مزید  کہا کہ پارلیمنٹ کا قانون سازی کا اختیار بھی آئین سے ہی  اخذ شدہ ہے۔ آرٹیکل 70 وفاقی قانون سازی کی  فہرست میں شامل کسی بھی معاملے  پر بل پیش کرنے اور منظوری سے متعلق ہے۔ آرٹیکل 142اے کے تحت پارلیمنٹ  وفاقی قانون سازی کی فہرست میں کسی بھی معاملے پر قانون بنا سکتی ہے۔ فورتھ شیڈول کے تحت پارلیمنٹ کو  سپریم کورٹ کے علاوہ تمام عدالتوں کے دائرہ اختیار اور اختیارات کے حوالے سے قانون سازی کا اختیار  ہے۔ فورتھ شیڈول کے تحت سپریم کورٹ کو خاص طور پر  پارلیمان کے قانون سازی کے اختیار سے خارج کیا گیا ہے۔ بل بنیادی طور پر پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔بل کے ان پہلوؤں پر مناسب غور  کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 29 مارچ کو چیف جسٹس آف پاکستان کے انفرادی حیثیت میں ازخود نوٹس لینے کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے عدالتی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 متفقہ طور پر قومی اسمبلی سے منظورکیاگیا جبکہ 30مارچ کو سینیٹ کی جانب سے بل منظور کیا گیا جس کے بعد بل صدرمملکت عارف علوی کے پاس منظوری کے لیے بھیجا گیا۔ صدر مملکت کی جانب سے بل  پر آئینی اور قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کی گئی۔ جس کے بعد انہوں نے بل نظر ثانی کے لیے واپس بھیج دیا۔

نیا دور کو موصول ہو نے والی بل کی کاپی  کے مطابق بینچ کی تشکیل کا فیصلہ 3 ججز پر مشتمل کمیٹی کرے گی جو چیف جسٹس، 2 سینئر ترین ججز پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی کی اکثریت کا فیصلہ تسلیم کیا جائے گا۔

منظور شدہ بل میں بتایا گیا ہے کہ آرٹیکل 184 تین کے تحت کیس کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔ معاملہ قابل سماعت ہونے پر بینچ تشکیل دیا جائے گا۔معاملے کی سماعت کے لئے بنچ کم سے کم 3 رکنی ہوگا جب کہ تشکیل کردہ بینچ میں کمیٹی سے بھی ججز کو شامل کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ سوموٹو کا اختیار سپریم کورٹ کے تین ججز کو حاصل ہو گا۔ از خود نوٹس کے فیصلے پر 30 روز میں اپیل دائر کی جا سکے گی۔ 14 روز میں اپیل کی سماعت کے لئے لاجر بینچ تشکیل دیا جائے گا۔ اپیل کرنے والے فریق کو مرضی کا وکیل مقرر کرنے کا حق ہوگا اور آئین کی تشریح کے لئے 5 سے کم ججز پر مشتمل بینچ تشکیل نہیں ہوگا۔



مزیدخبریں