اس عید پر کچھ منفرد بنائیں

عید الفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے ۔عید الفطر پر ہر گھر میں مخصوص میٹھا بنایا جاتا ہے جس میں روایتی سویاں، شیر خورما اور پھینیاں تو ہوتی ہی ہیں تاہم ہر گھر میں تہوار کے اس موقعے پر دعوتوں کا خاص اہتمام ہوتا ہے۔ خواتین طرح طرح کے پکوان بناتی ہیں جن سے اہلخانہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔

06:00 PM, 10 Apr, 2024

سدرہ سیّد

عید الفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے ۔عید الفطر پر ہر گھر میں مخصوص میٹھا بنایا جاتا ہے جس میں روایتی سویاں، شیر خورما اور پھینیاں تو ہوتی ہی ہیں تاہم ہر گھر میں تہوار کے اس موقعے پر دعوتوں کا خاص اہتمام ہوتا ہے۔ خواتین طرح طرح کے پکوان بناتی ہیں جن سے اہلخانہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔

 کچھ لذیذ اور منفرد پکوان کی تراکیب ذیل میں آپ کو بتا رہے ہیں۔ انہیں آزما کر عید کا مزہ اور خوشیاں دو بالا کریں۔  اُمید ہے یہ تراکیب آپ کے تمام اہل خانہ کو بے حد پسند آئیں گی۔

پوٹیٹو کروکوئیٹس

 5 بڑے سائز کے لیں، جن کو اچھی طرح دھولیں اور چھلکا اتار کر ابالیں۔ جب پوری طرح سے آلو گل جائیں تو اچھی طرح میش کریں۔ پھر اِس میں حسبِ ذائقہ نمک، کالی مرچ روز میری اور اوریگانو ڈالیں۔

3 ڈبل روٹی کے سلائس لیں اور انہیں چوپر میں ڈال کر بریڈ کرمز بنالیں یا اگر چاہیں تو بازار سے کسی بھی برینڈ کے بریڈ کرمز خرید بھی سکتے ہیں۔ اِن بریڈ کرمز کو آلوؤں میں شامل کریں اور مکس کرلیں۔ اب اِن کے درمیانے سائز کے گول گول بالز بنائیں اور ایک انڈے میں نمک ڈال کر پھینٹ لیں جس میں بالز ڈپ کریں اور بریڈ کرمز کا کوٹ کریں۔ اِس عمل کو ایک بار مزید دہرائیں یعنی آپ ڈبل کوٹ کریں گے۔ 20 منٹ تک فریج میں رکھیں اور پھر تیل گرم کرکے گولڈن براؤن فرائی کرلیں۔

چکن اینڈ ویجیٹیبل پائی

ایک نان سٹک برتن میں آئل گرم کریں۔ پھر چکن قیمہ میں ادرک لہسن پیسٹ، نمک، لال مرچ اور کالی مرچ شامل کریں اور جب قیمہ گل جائے تو باریک کٹی شملہ مرچ اور گاجر شامل کریں اور تھوڑی دیر پکائیں۔ خیال رہے کہ سبزیاں پانی نہ چھوڑیں اور کرنچی رہیں۔

اب دو سموسے کی پٹیاں لیں اور جمع (+) کی علامت کی طرح ایک دوسرے پر رکھیں۔ درمیان میں قیمے کا آمیزہ رکھیں اور میدے اور پانی کے محلول کی مدد سے اِسے بند کریں۔

گرم تیل میں فرائی کرلیں، چکن ویجیٹیبل پائی تیار ہے۔

اِن سب لوازمات کو سویوں یا شیرخورما کے ساتھ پیش کریں۔ چکن ویجیٹیبل پائی آپ پہلے سے بنا کر فریز بھی کرسکتے ہیں اور حسبِ ضرورت فرائی کرسکتے ہیں۔

اب آتے ہیں دوپہر کے کھانے کی طرف۔ اِس کا مینیو بھی بڑوں اور بچوں یعنی دونوں کی پسند کے مطابق ترتیب دے رہی ہوں۔ چکن ملائی بوٹی، چکن دمپخت کباب کڑاہی ود ایگ فرائیڈ رائیس اینڈ فرینچ فرائیز۔

چکن ملائی بوٹی 

1 کلو چکن بون لیس لیں۔ اِس میں حسبِ ذائقہ ادرک لہسن پیسٹ، نمک، کالی مرچ، گرم مسالہ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، کٹی ہوئی لال مرچ، 1 پاؤ دہی، 3 ٹیبل سپون کریم اور دھنیا اور ہری مرچ کا پسا ہوا پیسٹ شامل اور رات بھر کے لیے میرینیٹ کرکے فریج میں رکھ دیں۔

اب ایک نان سٹک فرائی پین میں 3 ٹیبل سپون تیل ڈالیں اور یہ چکن شامل کریں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو کوئلہ سلگا کر اُس کا دم دیں۔

کوئلہ کا دم دینا

ایک دھاتی کٹوری میں ایک کوئلہ سلگا کر رکھیں اور اُس کٹوری کو چکن ملائی بوٹی کے درمیان رکھ کر اِس پر تھوڑا سا آئل ڈالیں اور ساتھ ہی ڈھک دیں۔ کچھ دیر بعد کوئلے کی کٹوری نکال لیں چکن ملائی بوٹی تیار ہے۔

چکن دم پخت کباب کڑاہی

1 کلو چکن قیمہ لیں۔ اُس میں نمک، لال مرچ، 4 عدد چوپ کی ہوئی پیاز شامل کریں تاکہ کباب نرم رہیں۔ اُس کے بعد دھنیا پاؤڈر شامل کریں اور پھر لمبے لمبے کباب بنائیں اور فرائی کرلیں۔

اب ایک پتیلے میں تیل گرم کریں جس میں ادرک لہسن پیسٹ شامل کریں اور ہم وزن ٹماٹر اور پیاز کو بلینڈ کرکے شامل کرلیں۔ حسبِ ذائقہ نمک لال مرچ اور دھنیا پاؤڈر شامل کریں۔ جب اچھی طرح سے بھون لیں تو کباب شامل کریں اور ایک دو منٹ کے لیے پکائیں اور چولہے سے اتار لیں۔ اِس کو بھی اوپر بتائے گئے طریقے کے مطابق کوئلے کا دم دیں، اور ڈش تیار ہے۔

اِس روایتی سالن کو میری والدہ ہمیشہ سے چائینیز ایگ فرائیڈ رائس اور کرسپی فرائیڈ فرینچ فرائیز کے ساتھ سرو کرتی ہیں، جوکہ ہماری تمام فیملی میں مشہور ہے۔

ایگ فرائیڈ رائیس

سب سے پہلے تیل گرم کریں اور اِس میں باریک کٹی ہوئی شملہ مرچ، گاجر بند گوبھی اور تھوڑی مقدار میں ہری پیاز شامل کریں۔ نمک، کالی مرچ، دکنی مرچ، ہری مرچیں اور سویا ساس حسبِ ذائقہ شامل کریں اور خیال رہے کہ سبزیاں تازہ رہیں اور پانی نہ چھوڑیں تاکہ ذائقہ و غذائیت دونوں برقرار رہیں۔ اب آخر میں اِس میں انڈے پھینٹ کر شامل کریں اور پکائیں۔ جب تیار ہوجائے تو الگ پتیلے میں اُبالے گئے آدھا کلو چاول (جس میں ایک کنی چھوڑی گئی ہو) کی تہہ لگا کر دم دیں۔

ساتھ ساتھ فرنچ فرائیز بھی فرائی کرلیں۔ شاندار کھانا  تیار ہے۔

مزیدخبریں