تفصیلات کے مطابق مریم نواز سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچی تھی جہاں نیب ٹیم پہلے سے ہی موجود تھی اور مریم نواز کو وہاں پہنچنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
اس سے قبل نیب ٹیم نے مریم نواز کو سوالنامہ بھیجا تھا اور آج ان کی نیب ٹیم کے سامنے پیشی تھی لیکن مریم نواز نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا جس پر نیب ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز 31 جولائی کے سوالنامے کے تسلی بخش جواب نہیں دے سکی تھیں، جس پر انہیں آج یعنی 8 اگست کو نیب نے طلب کر رکھا تھا۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ مریم نواز کو نیب نے گرفتار کر لیا جس پر وہ واک آؤٹ کرتے ہیں۔ اس دوران مسلم لیگ ن کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اور شور شرابے کے باعث اسپیکر نے اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔