سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ ریلوے کے وزیر نہیں کر سکتے، فواد چوہدری

04:50 PM, 8 Aug, 2019

نیا دور
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ ریلوے کے وزیر نہیں کر سکتے۔

انہوں نے پروگرام کیپٹل ٹاک میں حامد میر سے گفتگو میں کہا کہ اس معاملے پر فیصلہ وزارت خارجہ اور نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ابھی تک سمجھوتہ ایکسپریس کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی زیر بحث نہیں آیا، دیکھنا ہوگا سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے سے فائدہ ہو گا یا نقصان۔

خیال رہے کہ وزیرریلوے شیخ رشید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور ان کا ایجنڈا ہے، یہ بہت پرخطر سال ہوگا، اس میں جنگ بھی ہوسکتی ہے، ہم جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے لیکن کشمیر پر ہونے والے ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔

 
مزیدخبریں