سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کے خلاف نیب انکوائری کا آغاز، خواجہ آصف کی بیوی اور بیٹی بھی 18 اگست کو طلب

02:01 PM, 8 Aug, 2020

نیا دور
قومی احتساب بیورو ( نیب) ایک بار پھر سرگرم، رواں ماہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر قیادت کو مختلف مقدمات میں طلب کر لیا۔

نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے علاوہ پرویز رشید اور خواجہ آصف کے اہلخانہ کو نیب میں پیش ہونے کا نوٹس جاری ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا ہے جبکہ خواجہ آصف کی بیوی اور بیٹی کو 18 اگست کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل نیب نے مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں 11 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔ مریم نواز کو 200 کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔

نیب نے سابق ڈی ای او نور امین گل اور احد چیمہ سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، 2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 200 ایکڑ زمین منتقل کی گئی، 100 کنال زمین شہباز شریف اور 100 کنال زمین نواز شریف کے نام منتقل کی گئی جب کہ زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا۔ شریف فیملی کی زمین کے ارد گرد تمام رقبے کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لئے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ اور سابق ڈی سی او لاہور نور امین مینگل سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ 

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم بھی عائد کردی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہے، اور نیب کی جانب سے تازہ کیسز اور نئے نوٹسز کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مفاہمت کی پالیسی نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور تاحال ن لیگ کو کسی قسم کا کوئی بھی ریلیف ملتا نظر نہیں آ رہا۔
مزیدخبریں