سیکرٹری اطلاعات ٹی ایل پی محمد امجد رضوی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مانگی گئی لیکن اجازت نہیں دی گئی، رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کیا ہم بھارت سے آئے ہیں؟ ہماری جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے، عمران خان کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت ہے تو ہمیں کیوں نہیں؟
محمد امجد رضوی نے کہا کہ نظریہ پاکستان مارچ اور کانفرنس کے لیے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچے کی کال دی جا چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نظریہ پاکستان کانفرنس میں سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ سعد رضوی کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں گے اور ہمارے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے کارکنوں کو 13 اگست کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دے رکھی ہے۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تیرہ اگست کو یزیدی حکومت کی فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنا طویل پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ جانتے ہوئے بھی کہ پیغمبر رسول ﷺ کے نواسے راہ حق پر تھے اُس کے باوجود کوفہ کے لوگ یزید کے خوف سے حضرت امام حسینؓ کی مدد کو باہر نہ نکلے اور پھر اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پزیر ہوا۔
عمران خان نے لکھا کہ ہر دور کا اپنا یزید ہوتا ہے، جو دراصل مجرموں کا برسر اقتدار گروہ ہے، آج کا یزید امریکی سازش سے حکومت میں لایا گیا، آج پاکستان یزیدیت کے نرغے میں ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا قوم خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کے سامنے سر جھکائیں گے یا کڑے امتحان میں کھڑے ہو کر اس کا سامنا کریں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ تیرہ اگست کو میں حقیقی آزادی جلسے میں فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔