پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سرگودھا سے قومی اسمبلی کے رکن چوہدری حامد حمید نے پارٹی قیادت کے پاس اپنا استعفیٰ جمع کرادیا۔ چوہدری حامد حمید قومی اسمبلی کے حلقے این اے 90 سرگودھا 3 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن منتخب ہوئے ہیں۔
چوہدری حامد حمید کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے تمام اراکین اسمبلی سے استعفے طلب کرلیے ہیں اور انہوں نے اپنے قائد کے اشارے پر استعفیٰ جمع کرادیا ہے۔
سرگودھا میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر منتخب لوگ غیر جمہوری طریقے سے حکومت چلارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت کی جانب سے تمام منتخب نمائندوں سے استعفے طلب کیے جانے پر سب سے پہلے انہوں نے اپنا استعفیٰ باضابطہ طور پر جمع کرادیا ہے۔
چوہدری حامد حمید نے استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کے نام لکھا ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف کی ہدایت پر اور اس ملک و قوم کے بہترین مستقبل کیلئے یہ اب انتہائی ناگزیر ہوچکا ہے اس نااہل اور نالائق وزیراعظم کو گھر جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ملک میں مہنگائی بڑھنے ، لاقانونیت، بیروزگاری میں اضافے، کشمیر کا سودا کرنے پر پارٹی اعلیٰ قیادت کے ہدایت پر مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
https://twitter.com/ChHamidHameed/status/1335656814717833217
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کا اہم اجلاس آج 8 دسمبر کو ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ اپوزیشن رہنما متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ اسمبلیوں سے استعفوں کا آپش بھی زیر غور ہے، کہا جارہا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور جلسے میں اہم اعلان کیا جاسکتا ہے۔