'وزیراعظم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کریں' عمران خان کے متوقع دورہ پشاور پر الیکشن کمیشن کا نوٹس

08:02 AM, 8 Dec, 2021

نیا دور
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ پشاور کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنے کا کہا ہے۔

ریجنل الیکشن کمشنر پشاور کی جانب سے ارسال کردہ خط میں کہا گیا کہ ’8 دسمبر 2021 کے روزنامہ ڈان سے معلوم ہوا کہ آپ آج پاکستان کارڈ کے اجرا کے لیے پشاور کا دورہ کرنے والے ہیں‘



کمیشن کا کہنا تھا کہ ’اس سلسلے میں آپ کی توجہ الیکشن کمیشن کی 4 نومبر کو جاری کردہ ہدایات کی جانب مبذول کرائی جارہی ہے جس میں الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی لوکل کونسل کے علاقے کا دورہ کرنے یا کسی اسکیم کا اعلان کرنے پر پابندی لگائی گئی تھی‘۔

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا تھا کہ ’الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد صدر، وزیراعظم، گورنر، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، کسی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر، وفاقی اور صوبائی وزرا، وزیراعظم کے مشیران، وزیر اعلیٰ یا کوئی سرکاری عہدیدار کسی ترقیاتی اسکیم کے اعلان کے لیے کسی لوکل کونسل کے علاقے کا دورہ نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کے امیدوار کی مہم چلائے گا‘۔

ساتھ ہی یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ’اگر کوئی عہدیدار اس ضلع کا رہائشی ہو جہاں انتخاب ہورہا ہو تو وہ ضلع کادورہ کرسکتا ہے لیکن کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتا‘۔

خط میں کمیشن نے کہا کہ ’مذکورہ بالا صورتحال کے تحت آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کسی شق کی خلاف ورزی نہ کریں‘۔

ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کی ’خلاف ورزی کرنے پر آپ کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 233-234 کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے‘۔

خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بلدیاتی اداروں کے دو درجوں کے لیے پولنگ 19 دسمبر کو ہوگی، جبکہ باقی 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔

جن اضلاع میں 19 دسمبر کو انتخابات ہوں گے ان میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، مردان، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کارڈ کے اجرا کے لیے 8 دسمبر کو پشاور کا دورہ کریں گے۔

اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کارڈ وزیراعظم کے اسلامی فلاحی ریاست کے وژن کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ چونکہ صحت کارڈ خیبرپختونخوا سے متعارف کروایا گیا تھا اس لیے وزیراعظم پاکستان کارڈ بھی صوبے سے متعارف کروانا چاہتے ہیں۔
مزیدخبریں