بھارت کے چیف آف ڈیفنس کا ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں گر کر تباہ

08:48 AM, 8 Dec, 2021

نیا دور
بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں کونور کے قریب گر کر تباہ ہوا، واقعے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

https://twitter.com/IAF_MCC/status/1468496444063576065

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سی ڈی ایس بپن راوت کا عملہ اور اہلخانہ کے کچھ افراد بھی سوار تھے۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تصدیق کی گئی ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

انڈین ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کون کون شامل ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔
مزیدخبریں