آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور دیگر قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔
https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1468572994557472768?s=20
خیال رہے کہ بھارتی جنرل بپن راوت اپنی اہلیہ اور دیگر کے ہمراہ ایک ہیلی کاپٹر میں کسی مقام پر جا رہے کہ تھے کہ اچانک حادثہ پیش آ گیا۔ اس افسوسناک حادثے میں 13 افراد کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ صرف ایک شخص شدیدی زخمی حالت میں ملا ہے جسے ہسپتال میں ہر ممکن طبی امداد دی جا رہی ہے تاکہ اس کی جان بچائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ہلاک
خیال رہے کہ بھارتی حکام نے جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں کونور کے قریب گر کر تباہ ہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت، ڈیفنس اسٹاف، ان کی اہلیہ مدھولکا راوت اور عملے کے افراد سوار تھے۔
بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 افراد حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ لاشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کل پارلیمنٹ میں واقعے کے حوالے سے بیان دیں گے۔
علاوہ ازیں بھارتی ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سابق سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019ء کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کی مسلح افواج کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔