ہمیں تنقید کو برداشت کرنا ہو گا اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہو گا، سید سردار علی شاہ

10:16 AM, 8 Feb, 2020

سنجے متھرانی
صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم اس وقت سوشل میڈیا کے دور سے گزر رہے ہیں اور مستقبل میں کتابیں پڑھنے کا رجحان مزید کم نہ ہو جائے اس لیے ہمارے ادیب و دانشوروں کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے حوالے سے ادب تخلیق کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ میوزیم حیدرآباد میں پانچویں سہ روزہ حیدرآباد ادبی میلے کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دور میں ہر محکمے اور ہر صحتمند سرگرمی پر بھی تنقید ہوتی ہے، اس لیے ہمیں تنقید کو برداشت کرنا ہوگا اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں تقریباً 14 کروڑ افراد موبائل فون استعمال کرتے ہیں، نوجوان سوشل میڈیا پر مختلف موضوعات پر بحث و مباحثہ کرتے ہیں اور جو معاشرہ زندہ ہوتا ہے وہ متحرک بھی ہوتا ہے جبکہ مردہ معاشرے میں لوگ تنقید نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو اس حیدرآباد لٹریچر فیسٹیول میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے اور کثیر تعداد میں نوجوانوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کتابیں پڑھنے کا رجحان کم ہوا ہے لیکن ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی عوام کے لیے یہ بہت اچھا موقع ہے، جہاں وہ کتب کے ساتھ ساتھ دیگر تفریحی سرگرمیوں میں شرکت کر سکیں گے۔

دریں اثنا صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ادب سماج کا آئینہ ہوتا ہے اور نوجوانوں کے لیے ادب کو پڑھنا اور سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سوشل میڈیا کی ترقی ایک انقلاب ہے لیکن اس دور میں بھی کتاب کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ آج کے دور میں ادب اور ادبی سرگرمیوں کو سراہنے کا رجحان کم ہے اس لیے حکومت کی جانب سے ادب کو فروغ دینے کے لیے ادبی میلے منعقد کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں محکمہ ثقافت کی جانب سے اس طرح کی ادبی سرگرمیاں منعقد کی جائے گی۔ محکمہ ثقافت، لوک ادب اور لوک سندھی سنگیت کو بھی فروغ دینے کی کوششیں کر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ وہ انتظامی کمیٹی کے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے حیدرآباد کی عوام کے لیے یہ ادبی میلہ منعقد کیا ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری ثقافت غلام اکبر لغاری، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو کے علاوہ بڑی تعداد میں ادب سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور طالبعلموں نے بھی شرکت کی۔
مزیدخبریں