اقبال کے مجسمے بنانے والوں پر لعنت،خوشی ہے کہ اب پاکستانیوں کو عقل آگئی: علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال

03:41 PM, 8 Feb, 2021

نیا دور

کچھ ہی دن گزرے ہیں کہ لاہور میں علامہ محمد اقبال کے مجسمے پر وبال اٹھا۔ علامہ کے مجسمے پر مجسمہ سازوں کو خوب لتاڑا گیا۔ پھر اچانک کہانی نے ایک نیا موڑ لیا۔ کہانی یہ سامنے آئی کہ یہ مجمسہ تو مالیوں نے بنایا ہے۔ پھر یہ بھی کہا گیا کہ یہ مجسمہ پرانا ہے۔ تاہم اب اس کہانی میں ایک نیا کردار سامنے آگیا ہے۔


علامہ اقبال کے پوتے بت بنانے پر ہی نالاں ہوگئے ہیں۔  تاہم علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال نے اپنے دادا کے مجسمے کے معاملے پر سخت غم و غصے کا اظہار تو کیا ہی ہے لیکن اس میں  زاویہ یہ ہے کہ انہوں نے  بت بنانے، لگانے اور تعریف کرنے والوں پر لعنت بھیجی ہے۔


منیب اقبال نے کہا کہ ’علامہ اقبال کا بت نیا نہیں ہے۔ یہ شہباز شریف کے دور کا بنا ہوا ہے۔ تمام بت بنانے والوں، لگانے والوں اور ان کی تعریف کرنے والوں پر لعنت ہو۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ  اللہ تعالیٰ اسلام، پاکستان اور حضرت علامہ اقبال کے تمام دشمنوں کو جہنم رسید کرے۔ آج سلطان محمود غزنوی بہت یاد آیا، اللہ تعالیٰ ہم سب کو بت شکن بنائے، بت فروش نہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کا بت گریٹر اقبال پارک میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر پی ایچ اے کے ساتھ مل کر بھی لگایا گیا ہے، ریسٹورنٹ کا مالک  شاید کسی نجی تعلیمی ادارے کا بھی مالک ہے۔ کفریات ہی پڑھاتا ہوگا۔


منیب اقبال کے مطابق وہ کئی برس سے ایسے بتوں کے خلاف اعتراض اور احتجاج کر رہے ہیں اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اب پاکستانیوں کو بھی عقل آگئی ہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک خاتون صارف کی جانب سے گلشن اقبال پارک میں نصب علامہ اقبال کے مجسمے کی تصاویر شیئر کی گئی تھیں جس پر سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان برپا ہوگیا۔  سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے مجسمہ ہٹانے کا حکم دے دیا تھا۔



مزیدخبریں