ترک اداکارہ بورجو کیراتلی ’گوکچہ خاتون‘ نے 2021ء میں اپنے پہلے شوہر سنان اکسل سے دوسری بار شادی کی تھی۔ خیال رہے کہ سنان اکسل ترکی کے مشہور گلوکار ہیں۔
تاہم ایک سال کے عرصے میں ہی کیراتلی اور اکسل کے درمیان شدید اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ گلوکار سنان اکسل نے اپنی بیوی سے طلاق لینے کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق گلوکار سنان اکسل کے وکلا کی جانب سے استنبول کی فیملی کورٹ میں طلاق کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
گلوکار سنان اکسل نے کیراتلی سے طلاق کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان ازدواجی تعلقات نہیں رہے، اس لئے اب وہ اپنی اہلیہ سے طلاق چاہتے ہیں۔ تاہم انہوں نے دیگر وجوہات کو خفیہ رکھنے کی اپیل کی ہے۔
استنبول کی مقامی عدالت نے مشہور ترک جوڑے کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی تحقیقات کر دی ہے۔ تمام تفتیش مکمل کرکے ہی عدالت اس معاملے میں اپنا فیصلہ سنائے گی۔
خیال رہے کہ اداکارہ بورجو کیراتلی نے حال ہی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے نام سے سنان اکسل کا کا نام ہٹا دیا تھا۔
بورجو کیراتلی اور سنان اکسل کے درمیان فروری 2021ء میں شادی ہوئی تھی جس میں ترک وزرا سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔ اس سے قبل دونوں کے درمیان 2019ء میں طلاق ہوئی تھی۔
کیراتلی اور اکسل نے پہلی بار 2018ء میں شادی کی تھی۔ ان کی پہلی شادی محض کچھ مہینے ہی چلی تھی۔ ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکارہ فوری طور پر بچے نہیں چاہتی تھیں۔ اس لئے دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے۔
سنان اکسل نے ترک میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ میرا اپنی اہلیہ کیساتھ کوئی جسمانی تعلق نہیں رہا۔ ہم ایک گھر میں رہتے ہوئے صرف واٹس ایپ کے ذریعے ہی بات کرتے ہیں۔