سردارمہتاب عباسی: ن لیگ نے کس کے کہنے پر حکومت لی، جواب دینا پڑے گا

سردارمہتاب عباسی: ن لیگ نے کس کے کہنے پر حکومت لی، جواب دینا پڑے گا
مسلم لیگ ن کے سینئیررہنما اورسابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سردارمہتاب عباسی نے اپنی پارٹی کی پالیسی پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کو بتانا پڑے گا کہ انہوں نے کس کے کہنے پر موجودہ حکومت لی۔

سابق وزیراعلیٰ کے پی کے نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے افراد نااہل ہیں، تمام جماعتیں اقتدار کے مزے لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت ان لوگوں کے حوالے کر دی گئی ہے جو اس جماعت کو پیسہ کمانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو لوگ کل آمروں کے ساتھ بیٹھتے تھے وہ آج پارٹی کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ ن لیگ کی صوبائی قیادت نے پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

سینئیر رہنما ن لیگ نے کہا کہ ان ناقص پالیسیوں کے زمہ دار عوام نہیں ہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جن کو اس وقت فائدہ پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کم نہیں ہوئی، ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان 2022 میں کرپٹ ترین ممالک کی فہرست میں شامل تھا۔

خیال رہے کہ کافی دنوں سے سردارمہتاب عباسی کے بارے خبریں گردش چل رہیں تھیں کہ وہ پارٹی کی قیادت اور اس کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور عنقریب پارٹی چھوڑنے کا بھی اعلان کر سکتے ہیں۔ ن لیگ کے اندرپارٹی کی قیادت اور ان کے فیصلوں کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، پہلے مفتاع اسماعیل پھر شاہد خاقان عباسی اوراب سردار عباسی نے کھل کر پارٹی کی پالیسی پر تنقید کی ہے۔

دوسری طرف ن لیگ کے پنجاب کے صدررانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مہتاب عباسی، مرتضی جاوید عباسی ،اور امیر مقام کے آپس کے اختلافات اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ مجھے لگتا ہے کہ اب یہ ایک پارٹی میں اکٹھے نہیں چل سکیں گے۔